واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا پر مشتمل کواڈ گروپ نے بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس دہشت گرد حملے کے ذمہ داروں کو بلاتاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، بھارت پاکستان کیخلاف پہلگام حملے کے الزام پر ’’ کواڈ‘‘ کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہا، امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کواڈ وزرائے خارجہ کا مشترکہ بیان ، دہشتگردی کی مذمت ، پاکستان کا نام لینے سے گریز ۔22 اپریل کو کیے گئے اس حملے کے بعد دو ایٹمی طاقتیں بھارت اور پاکستان ایک بار پھر کشیدگی کی لپیٹ میں آگئے تھے، بھارت نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، تاہم پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کواڈ وزرائے خارجہ کا ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کا نام لیے بغیر دہشت گردی کی مذمت کی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کواڈ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی تمام اقسام اور تمام صورتوں بشمول سرحد پار دہشت گردی کی بلاامتیاز مذمت کرتا ہے‘۔