اسلام آباد(محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار)ملک میں گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، گدھیاں کیوں نہیں بڑھیں قومی اسمبلی میں تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان کا "فکر انگیز " سوال، قومی بجٹ پر بحث کے دوران نکتہ سنجی،تحریک انصاف کے ارکان نے ڈیسک بجا کر داد دی ،بجٹ پر شدید تنقید، حکومت کی تبدیلی کے بعد ایک کروڑ 33 لاکھ افراد کے خط افلاس سے نیچے آنے کا دعویٰ،معیشت نے ترقی کی ہے تو ڈیڑھ کروڑ افراد خط غربت سے نیچے کیوں چلے گئے جنید اکبر کا استفسار،اسپیکر سردار ایاز صادق نے کسی تاثر کا اظہار نہیں کیا، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور پارلیمنٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر خان نے آئندہ مالی سال کے قومی بجٹ پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں جمعہ کو یہ سوال اٹھایا کہ ملک میں گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تو گدھیوں کی تعدید کیوں نہیں بڑھی انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان کے سروے آف پاکستان میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں گدھوں کی تعداد بڑھ رہی ہے حکومت نے اگر کوئی ترقی ظاہر کی ہے تو وہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہے جنید اکبر خان جو تحریک انصاف خیبر پختونخواکے صدر بھی ہیں دعویٰ کیا کہ ہماری برآمدات میں کمی ہو رہی ہے زراعت کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے تاہم گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔