کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی ، قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے اپنی بجٹ تقریر میں حکومت سندھ کی گزشتہ 17سالہ کارکردگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے طویل دور حکمرانی میں عوامی مسائل حل ہونے کے بجائےمزید بڑھے ہیں، کراچی میں عوام کو بنیادی سہولتیں حاصل نہیں۔سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں میں اضافہ کسی کارکردگی کی وجہ سے نہیں ہوا ہے بلکہ اس کا سبب کچھ اور ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے کچھ کہنے سے اگرسندھ کے عوام کا بھلا ہو رہا ہے تو میں بولتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت ساری اسکیمیں 2017 سے چل رہی ہیں جو اگلے سال بھی مکمل نہیں ہوں گی۔ سکھر کی بہت ساری اسکیمیں نا مکمل ہیں۔ محکمہ تعلیم کی 2008 کی اسکیمیں ابھی تک چل رہی ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ پرانی اسکیمیں اے ڈی پی بوجھ ہیں ان کو ختم کریں ،ہم نشاندہی کرتے ہیں تو حکومتی ارکان کو چڑ لگتی ہے ۔کیڈٹ کالج کی بہت ساری اسکیمیں رل رہی ہیں۔