اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئر مین ملک عامر ڈوگر نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ جو 67ہزار پرائیویٹ عازمین رہ گئے تھے ان کا مستقبل میں مسئلہ حل کیا جائے ،ان کے حج واجبات واپس کئے جائیں اور انہیں حج2026میں اکا موڈیٹ کیا جا ئے،کابینہ کمیٹی 67ہزار عازمین کے ساتھ جو ہوا اسے دیکھے، کمیٹی نے بھارت، بنگلہ دیش، ایران سمیت پاکستان کے قریبی ممالک کے حج اخراجات پر بریفنگ طلب کر لی، قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے آئندہ اجلاس میں بھارت، بنگلہ دیش، ایران سمیت پاکستان کے قریبی ممالک کے حج اخراجات پر تقابلی بریفنگ طلب کر لی اور متروکہ وقف املاک پر اگلے اجلاس میں وزارت مذہبی امور کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں دی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ نجی حج سکیم کے فریضہ حج سے محروم رہ جانے والے 63 ہزار عازمین کے 365 ملین ریال سعودی عرب میں پڑے ہیں، نجی حج ٹورآپریٹرز کی تنظیم چاہتی ہے کہ جو افراد گذشتہ سال حج کی سعادت سے محروم رہ گئے ان کو آئندہ سال ترجیح دی جائے،حج 2026کیلئے چار لاکھ پچپن ہزار عازمین حج نے رجسٹریشن کرائی ہے، وزیراعظم نے بھی ان عازمین کو اگلے سال ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے، وزیر اعظم کی طرف سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ تیار ہوجائے تو وہ کمیٹی میں پیش کردیں گے، وفاقی وزیرنے کہا کہ اس سال کا حج سابقہ سالوں سے شاندار رہا ،سعودی حکومت نے ایکسی لینسی ایوارڈ دیا وزیر اعظم نے بھی کامیاب حج پر مبارک دی شیلڈ بھی دی ۔،وزارت مذہبی امور کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ بحری جہاز کے ذریعے سفر حج کی تجویز پر غور کر رہے ہیںِ، حج سستا کرنے کیلئے بحری جہاز کے ذریعے حج کرانے کی کوشش ہے، ایک تجویز یہ بھی آ رہی ہے کہ حاجیوں کی رہائش کیلئے اگر پرتعیش عمارتیں حاصل نہ کی جائیں تو حج اور بھی سستا ہو سکتا ہے،وزیر داخلہ اور سیکرٹری مذہبی امور ان دنوں تہران میں ہیں، بحری جہاز کے ذریعے حج کرانے کا ممکنہ حل زیر غور ہے۔ وزارت قانون کے حکام نے بتایا کہ قومی اقلیتی کمیشن بل 2025ءمنظور ہو چکا ، جلد ہی اس بل پر صدر مملکت دستخط کر دیں گے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ ربیع الاول میں ارکان قومی اسمبلی کا وفد سعودی عرب جاتا ہے، ارکان اپنا ٹکٹ خود ادا کرتے ہیںِ، رہائش اور دیگر سہولیات وزارت مذہبی امور فراہم کرتی ہے۔ خطیب پارلیمنٹ ہاؤس مسجد مولانا احمد الرحمن نے کہا کہ پارلیمانی وفد جاتا ہے مگر نہ اسے سعودی عرب میں سفیر توجہ دیتا ہے نہ وزارت مذہبی امور کوئی توجہ دیتی ہے ۔ رکن کمیٹی مجاہد علی نے کہا کہ سٹیٹ گیسٹ وفد کو ڈی کلئیر کیا جائے تو اس میں پاکستان کی عزت ہوگی۔، حکام وزارت مذہبی امو ر نے کہا کہ سٹیٹ گیسٹ وہ ملک قرار دیتا ہے جو میزبان ملک ہوتا ہے ۔وزارت مذہبی امور کے حکام نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف جرائم روکنے کے لیے ٹال فری کال ہر ضلع کی سطح پر شروع کررہے ہیں۔ اقلیتی رکن اسمبلی نیلسن عظیم نے کہا کہ اقلیتوں کے لیے پالیسی بنائی گئی اور ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ اقلیتی طلبا و طالبات کے لئے سرکاری سکولوں کی شرط پر وظیفے رکھے جاتی ہیں جہاں تعلیم مفت ہے۔ نجی سکو لوں کے مستحق اقلیتی طلبا و طالبات کے لئے وظیفے ہونا چاہئے۔