اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم باجوہ کا معاہدہ 30 جون 2025 کو ختم ہونے کے بعد، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے چیف فنانشل آفیسر محمد عامر خان کو عبوری انتظام کے تحت قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ رابطہ کرنے پر محمد عامر خان، چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) آئی ایس جی ایس نے ’’دی نیوز‘‘ کو بتایا کہ انہوں نے ندیم باجوہ سے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر کا چارج عبوری انتظام کے تحت سنبھال لیا ہے، جبکہ مستقل منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے عمل حتمی مراحل میں پہنچ چکا ہے۔ آئی ایس جی ایس 1996 میں بین الاقوامی پائپ لائن منصوبوں جیسے ایران- پاکستان (آئی پی) اور ترکمانستان- افغانستان- پاکستان-بھارت (تاپی) گیس پائپ لائنوں کو مکمل کرنے کے مینڈیٹ کے ساتھ قائم کیا گیا تھا۔ بعد ازاں، اسے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن اور زیر زمین گیس سٹوریج جیسے منصوبوں پر کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ تاہم، اپنے قیام کے بعد سے یہ کمپنی اب تک کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مستقل منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تقریباً تمام عمل مکمل کر لیا ہے۔