اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) بیو روکریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ سرکاری افسران کی گریڈ 20 میں ترقی کیلئے لازمی سینئر مینجمنٹ سینئر مینجمنٹ کورس (SMC)کیلئے نامزد افسران میں مزید ردوبدل کیا گیا ہے۔ 4 افسران کی اضافی نامزدگی کی گئی ہے جبکہ 6 افسران کی نامزدگی واپس کر کے ایک افسر کا تربیتی سٹیشن تبدیل کیا گیا ہے، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے جن 2 افسران کی نامزدگی واپس کی گئی ہے اُن میں ڈپٹی کمشنر لودھراں لبنیٰ نذیر اور ڈی جی، پنجاب ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی محمد سکندر ذیشان شامل ہیں جبکہ پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 19 کے 2 افسران، ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف اور ایس ایس پی، سی ٹی ڈی لاہور واحد محمود کی نامزدگی واپس لی گئی ہے۔ مزید برآں پنجاب حکومت کے محمد سبحان بٹ، سندھ حکومت کے غلام علی سومرو کی نامزدگی واپس لی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا (پی پی ایس) کے گریڈ 19 کے 4 افسران حشمت علی، عبدالرحمان، حامد نوید، بلال خسرو کی اضافی نامزدگی کی گئی ہے۔یہ تربیتی کورس ʼنیپاʼ اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور میں 14 جولائی سے 31 اکتوبر 2025 تک شیڈول ہے۔