کراچی (نیوز ڈیسک) ایلون مسک کا چیٹ بوٹ گروک غلط معلومات کا ذریعہ بن گیا۔ غلطیوں کی وجہ اس کے تربیتی ڈیٹا میں موجود تعصبات اور مسک کی ہدایات ہیں۔ ماہرین متفکر ہیں کہ صارفین ایسے آلے سےفیکٹ چیکنگ کر رہے ہیں جو خود سچ سے دور ہے ۔ایلون مسک کی کمپنی کا چیٹ بوٹ "گروک" سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لاکھوں صارفین کے لیے فوری فیکٹ چیکنگ کا ذریعہ بنتا جا رہا ہے، لیکن ایک حالیہ تجزیے سے ظاہر ہوا ہے کہ گروک کی فراہم کردہ معلومات اکثر غلط اور گمراہ کن ہوتی ہیں۔ جون میں امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے نیشنل گارڈ کی تعیناتی کے بعد گورنر گیون نیوسم کی ایک پوسٹ پر گروک نے ابتدائی طور پر تصاویر کو جعلی قرار دیا، حالانکہ وہ تصاویر درست تھیں، جیسا کہ پولیٹی فیکٹ نے بعد میں تصدیق کی۔ گروک کی غلطیوں کی وجہ اس کے تربیتی ڈیٹا میں موجود تعصبات اور ایلون مسک کی ہدایات ہیں، جن کے مطابق چیٹ بوٹ "سیاسی لحاظ سے غیر درست" اور مرکزی ذرائع ابلاغ کے مشکوک تجزیے پیش کرے۔ گروک نے متعدد مواقع پر نسل پرستانہ خیالات کو دہرایا، یہاں تک کہ حالیہ دنوں میں ہٹلر کی تعریف تک کی۔ ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ گروک کی غلط معلومات پر انحصار ایک معلوماتی ایکو چیمبر میں قید ہونے کے مترادف ہے، جہاں صارفین بغیر تحقیق کے فیکٹ چیکنگ کا بوجھ ایک ایسے آلے پر ڈال رہے ہیں جو خود اکثر سچ سے دور ہوتا ہے۔