• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ عظمیٰ کی 10 ترقیاتی اسکیموں میں اقرباء پروری اور بے ضابطگیوں پر حکم امتناع جاری

کراچی(رپورٹ:محمدمنصف) سینئر سول جج صفدر علی محشر نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پارکس میں کروڑوں روپے کی لاگت پر مشتمل10ترقیاتی اسکیموں میں بے ضابطگیوں اور اقرباء پروری کی بناء پر ٹھیکے دینے پر حکم امتناع جاری کر دیا۔ عدالتی حکم کے بعد بلدیہ کے محکمہ پارکس کے افسران اور سہولت کاروں میں کھلبلی مچ گئی، درخواست گزار نے دعویٰ کیا ہے کہ افسران نے کنٹریکٹرز کے احتجاج کے باوجود متنازعہ10اسکیموں میں سے8اسکیموں کو کروڑوں کی ادائیگی بھی کرڈالی، کنٹریکٹرز نے کام کئے بغیر مبینہ لاڈلے ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کئے جانے کے خلاف تحقیقاتی اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی محکمہ پارکس کی10متنازعہ ترقیاتی اسکیموں کا اسکینڈل مزید شدت اختیار کرگیا ہے، 20کروڑ لاگت کی مذکورہ اسکیموں میں سنگین بدعنوانیوں اور جعلسازیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے برنی سپر کنسٹرکشن نامی فرم نے عدالت سے رجوع کیا ہے جس پر عدالت عالیہ کی جانب سے مذکورہ اسکیموں کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود حیرت انگیز طور پر جن اسکیموں پر حکم امتناعی جاری کیا گیا ہے اس میں سے 8 کاموں کی گذشتہ دنوں ادائیگیاں بھی کردی گئی ہیں، اس سلسلے میں برنی سپر کنسٹرکشن کے کنٹریکٹر عابد برنی کا کہنا ہے کہ مذکورہ 10متنازعہ اسکیموں کو ٹھکانے لگانے کیلئے محکمہ پارکس کے افسران کئی ماہ سے کوششوں میں مصروف تھے، پہلے ان اسکیموں کو مبینہ جعلسازی کے ذریعے ٹینڈر کرنے کی کوشش کی گئی اور ذرائع ابلاغ میں مبینہ بوگس اور جعلی اشتہارات شائع کرائے گئے جس پر عدلیہ سے رجوع کیا اور اس کا کیس زیر سماعت ہے اور دوسری طرف انہی کاموں کے دوبارہ ٹینڈر جاری کرکے ایک مرتبہ پھر من پسندافراد کو ٹھیکے جاری کر دیئے گئے جس پر سیپرا سے رجوع کیا گیا تو سیپرا نے 2 کاموں کو منسوخ کردیا جبکہ مزید 8 کام بھی منسوخ کرنے کی ہدایت کی لیکن محکمہ پارکس کے افسران نے چند روز قبل 10 متنازعہ اسکیموں میں سے 8 اسکیموں کو اے ڈی پی کے پہلے کوآرٹر کی ادائیگی کرڈالی،عابد برنی کے مطابق بغیر کام کئے لاڈلے ٹھیکیداروں کو بوگس کاموں کی ادائیگی کر کے حکومتی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے جس کا عدالت عالیہ سے نوٹس لینے کی استدعا کی ہے جبکہ تحقیقاتی اداروں سے محکمہ پارکس میں کی جانے والی لوٹ مار پر فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید