• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرمجاز الاٹمنٹس کی شکایات، اورنگی ٹاؤن شپ میں 170 سے زائد پلاٹوں کی لیز منسوخ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اورنگی ٹاؤن شپ پروجیکٹ میں 170سے زائد غیر قانونی طور پر لیز پر تبدیل کیے گئے پلاٹس کی منسوخی کا عمل شروع کر دیا ہے، یہ اقدام میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات کے تحت کیا گیا ہے جنہوں نے 2019اور 2020کے دوران سہولتوں اور دیگر عوامی پلاٹس کی غیر مجاز الاٹمنٹس کے بارے میں سنگین شکایات کے بعد یہ کارروائی شروع کی، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا اندازہ لگانےکیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ کے ایم سی کےاعلامیے کے مطابق میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے پروجیکٹ میں تمام مشتبہ الاٹمنٹس کے کیسز کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت دی جس کے بعد پلاٹس کی منسوخی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا اندازہ لگایا جا سکے،اس کے علاوہ غیر قانونی الاٹمنٹس اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق کیسز کو اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کو تفصیلی اور شفاف تحقیقات کیلئے بھیجا جاسکے، اعلامیہ کےمطابق میئر کراچی کا یہ قدم بدعنوانی کا خاتمہ کرنے اور عوامی زمینوں کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کرانے کے لئے کے ایم سی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، میئر کراچی نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ان پلاٹس کی منسوخی کے بعد حکومت کی زمین کو واپس لینے اور اس کی منصفانہ مارکیٹ قیمت کو عوامی فائدے کیلئےمحفوظ کرنے کی خاطر قانونی کارروائی شروع کی جائے تاکہ شہرکے اثاثوں کو محفوظ رکھا جا سکے اور عوامی زمینوں کا استعمال صرف ان کے اصل مقصد کیلئےکیا جا سکے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان دانیال سیال نے کہاکہ کے ایم سی شہری منصوبہ بندی اور زمین کے انتظام سے متعلق تمام امور میں احتساب اور شفافیت کے عزم پر قائم ہے،بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں اور متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ تحقیقات کے عمل میں حکام کے ساتھ تعاون کریں اور شہر میں قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لئے کے ایم سی کا ساتھ دیں۔
اہم خبریں سے مزید