• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی ایشیا کا فخر، 114 سالہ میراتھن رَنر فوجا سنگھ انتقال کرگئے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) جنوبی ایشیا کا فخر، 114سالہ میراتھن رَنر فوجا سنگھ انتقال کر گئے۔ فوجا سنگھ، جو دو عالمی جنگیں اور برصغیر کی تقسیم دیکھ چکے تھے، مشرقی پنجاب میں ایک سڑک حادثے کا شکار ہوکر چل بسے۔ ان کے بیٹے ہروِندر سنگھ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ خاندان کے مطابق وہ جالندھر پٹھان کوٹ ہائی وے پر سڑک پار کرتے ہوئے ایک گاڑی کی زد میں آگئے، جس کے کچھ دیر بعد دل کا دورہ پڑنے سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ فوجا سنگھ نے 89 سال کی عمر میں لندن میراتھن کے ذریعے دوڑ کا آغاز کیا اور 100 سال کی عمر میں 2011 کا ٹورنٹو واٹر فرنٹ میراتھن 8 گھنٹے 25 منٹ 17 سیکنڈ میں مکمل کیا۔ وہ 2012 کے لندن اولمپکس میں مشعل ریلے میں بھی شریک ہوئے اور 2013 میں ہانگ کانگ میں 10 کلومیٹر کی دوڑ 1 گھنٹہ 32 منٹ 28 سیکنڈ میں مکمل کی۔ وہ 2010 میں ایک بین الاقوامی اشتہار میں محمد علی اور ڈیوڈ بیکھم کے ساتھ نظر آئے اور بعد میں کمپنی کے پوسٹر بوائے بھی بنے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں تین بار ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات کی اور بکنگھم پیلس بھی گئے۔ اپنی بیوی گیان کور کی موت اور چھوٹے بیٹے کلدیپ کی حادثاتی موت کے بعد انہوں نے لندن میں قیام اختیار کیا، لیکن آخر عمر میں آبائی گاؤں بیاس (ضلع جالندھر) واپس آگئے۔ فوجا سنگھ سادہ خوراک، سبزی خور طرز زندگی، السی کے بیج اور نظم و ضبط کے عالمی نمائندہ تھے۔ ان کی جدوجہد کا ایک اہم پہلو پگڑی پہن کر دوڑنے کا حق حاصل کرنا بھی تھا، جس پر وہ بضد رہے اور آخرکار حکام کو اجازت دینی پڑی۔ ان کی زندگی جنوبی ایشیا کے لیے فخر، صحت مند طرز زندگی، اور عزم کی روشن مثال ہے ۔
اہم خبریں سے مزید