• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد میں شدید بارشیں، مراد شاہ کا میئر سے رابطہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی مشکلات کو کم کرنے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق حیدرآباد میں شدید بارش کے مختلف علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہونے کا قریب سے جائزہ لیا اور میئر حیدرآباد سے رابطہ کرکے نکاسی آب کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے پانی کی فوری نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔بارش کے بعد حیسکو کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی جس کے باعث نکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشن عارضی طور پر بند ہو گئے اور نکاسی کا عمل متاثر ہوا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر توانائی ناصر شاہ کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر حیسکو حکام سے رابطہ کرکے پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی بحال کروائیں۔مراد علی شاہ نے عوام کی مشکلات کم کرنے کےلیے تمام اہم سڑکوں کو جلد از جلد قابلِ آمدورفت بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ٹریفک پولیس اور ریسکیو اداروں سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زور دیا کہ عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اضافی احتیاطی اقدامات کی بھی ہدایت کی، جن میں نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس اور عملے کو الرٹ رکھنا، بجلی کے خطرات والے مقامات پر وارننگ بورڈز نصب کرنا، 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز قائم رکھنا اور میڈیا کے ذریعے بروقت عوام کو معلومات فراہم کرنا شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ حکام سے تعاون کریں تاکہ ممکنہ خطرات کو کم کیا جا سکے۔

اہم خبریں سے مزید