اسلام آباد (ساجد چوہدری )وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (پی سی ایس ٹی )کے تین سائنسدان پچھلے 15تا 25سال سے اگلے گریڈ میں ترقی کے منتظر ہیں، ڈاکٹر طارق2000، فرید بختیار2007، ڈاکٹر شاہد15سال قبل بھرتی ہوئے، مگر آگے نہ بڑھ سکے۔ ادارے کی بندش کے فیصلے کے بعد تینوں نے اپنی ترقی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا ، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طارق بشیر بطور سینئر ریسرچ آفیسر (ایس آر او )گریڈ اٹھارہ میں 2000ء میں اس ادارے میں بھرتی ہوئے ، پچھلے پچیس سال سے ان کی ترقی نہیں ہوئی ہے ، ان کی ریٹائرمنٹ میں بھی اڑھائی سے تین سال رہ گئے ہیں مگر انہیں اپنی پوری سروس میں ترقی نہ مل سکی، فرید بختیار جو کہ گریڈ اٹھارہ میں بطور سینئر ریسرچ آفیسر (ایس آر او )2007ء میں بھرتی ہوئے اور پچھلے اٹھارہ سال سے ترقی کے منتظر ہیں ،ڈاکٹر شاہد بطور ریسرچ آفیسر گریڈ سترہ میں تقریباً پندرہ سال قبل پی سی ایس ٹی میں بھرتی ہوئے تھے مگر وہ بھی تاحال اسی گریڈ میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔ دلچسپ اور باعث تعجب بات یہ ہے کہ فرید بختیار نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ڈیپوٹیشن پر بطور ڈپٹی ٹیکنالوجی ایڈوائزر بھی کام کیا اور انہوں نے ڈیپوٹیشن کے دوران گریڈ سترہ کے جس افسر کی اے سی آر لکھی تھی وہ ترقی کر تے ہوئے گریڈ بیس میں پہنچ گئے مگر اے سی آر لکھنے والے تاحال اپنے بھرتی ہونے والے گریڈ میں ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔