• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید ہے ہمارے اسیر رہنماؤں سے متعلق آج کوئی فیصلہ آجائے گا: سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ امید ہے ہمارے اسیر رہنماؤں سے متعلق آج کوئی فیصلہ آ جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پنجاب کے ارکان اسمبلی ڈیڑھ سال سے فسطائیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان اپنا احتجاج کا حق استعمال کرتے رہیں گے، جھوٹ اور فریب کی بنیاد پر اسمبلیوں میں بیٹھے ارکان کو ان کی حیثیت یاد دلاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معطل ارکان کے خلاف ریفرنس بنتا ہی نہیں تھا، کوئی ڈیل نہیں ہوئی، بانی اور دیگر سینئر رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی عمارت جھوٹی شہادت پر کھڑی ہے۔ عدالتوں اور اسمبلیوں میں مذاق کا سلسلہ جاری ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ انگریز بھی احتجاج کا حق دیتا تھا، آج اس حق کو جرم بنا دیا گیا ہے۔ سیاست اور صحافت پر قدغن دراصل انسانیت پر قدغن ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بھی پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہو سکتا ہے کہ کوٹ لکھپت سے کوئی فیصلہ آ جائے، سب کو پتہ ہے کہ کوٹ لکھپت سے کیا فیصلہ آئے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری جدوجہد کے لیے 5 اگست کوئی آخری دن نہیں۔ ہم سے روز یہ سوال ہوتا ہے کہ ہم 5 اگست کو کیا کریں گے؟ ہم یہ نہیں کہتے کہ 5 اگست کو دنیا بدل جائے گی، ہم تو یہ کہہ رہے ہیں کہ پوری قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہو۔

سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی جنگ نہیں لڑ رہے پوری پاکستانی قوم کے لیے لڑ رہے ہیں، عالیہ حمزہ کے ساتھ کوئی ناچاقی نہیں۔ عالیہ چھوٹی بہن ہے، مل بیٹھ کر ان کے گِلے شکوے دور کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید