• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاک اور این ڈی ایم اے کا اشتراک، مون سون میں جھوٹی معلومات کی روک تھام کیلئے نیا فیچر متعارف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ٹک ٹاک اور این ڈی ایم اے کے اشتراک سے پاکستان میں سیلاب سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی کے لیے نیا فیچر متعارف کروادیا گیا۔

مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پاکستان میں جاری مون سون سیزن کے دوران سیلاب سے متعلق مصدقہ معلومات اور معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک نیا سرچ گائیڈ فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنا اور عوام کو بروقت، مستند اطلاعات فراہم کرنا ہے۔

ٹک ٹاک نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیچر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) جیسے قابلِ اعتماد اداروں سے صارفین کو جوڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک پر جب صارفین سیلاب یا بارش سے متعلق مواد تلاش کریں گے تو انہیں ایک نمایاں بینر دکھائی دے گا جو انہیں سرکاری ذرائع سے معلومات کی تصدیق کی ترغیب دے گا۔

اس کے ساتھ صارفین کو ٹک ٹاک کے اِن ایپ سیفٹی سینٹر اور Tragic Event Support Guide کی جانب بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ ہماری ترجیح ہے کہ پاکستان میں صارفین کو ہنگامی حالات کے دوران بروقت اور قابلِ اعتبار معلومات میسر ہوں، یہ نیا فیچر تحفظ، فلاح و بہبود اور ذمہ دارانہ مواد کی شیئرنگ کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ اقدام قدرتی آفات کے دوران غلط اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو کم کرنے کی عالمی مہم کا حصہ ہے، پاکستان میں ہر سال مون سون سیزن کے دوران سیلاب سے شدید نقصان ہوتا ہے، جس کے باعث درست، فوری اور مصدقہ اپڈیٹس عوامی آگاہی اور ردعمل کے لیے بےحد ضروری ہوتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید