وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن پروجیکٹ میں تاخیر کا ذمہ دار نگراں حکومت کو قرار دے دیا۔
سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں میگا ڈویلپمنٹ اسکیمز پر کام جاری ہے، یلو لائن بی آر ٹی کے دو حصوں پر کام ہورہا ہے، اگست تک یلو لائن بی آر ٹی کا پل مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن پروجیکٹ میں تاخیر کی ذمہ دار نگراں حکومت ہے، وہ جانتے ہیں عوام کو تکلیف ہورہی ہے مگر کراچی میں سندھ حکومت کے کئی میگا پروجکٹس جاری ہیں، نہیں چاہتے کہ ایک دفعہ ریڈ لائن پروجیکٹ بننے کے بعد کوئی اور ادارہ سڑک کو دوبارہ کھود دے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں 40 سالوں سے غیر قانونی بس اڈے قائم تھے، سہراب گوٹھ پر باقاعدہ بس ٹرمینل قائم کیا گیا ہے، مختلف علاقوں سے اس ٹرمینل تک شٹل سروس چلائی جا رہی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران فیلڈ میں متحرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ زیر تعمیر ہے، اب تک 83 ہزار 941 روٹ پرمٹس جاری یا تجدید کیے جا چکے ہیں، پیپلز بس سروس سے یومیہ 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ایک ہزار سے زائد نئی الیکٹرک بسیں لانے کا منصوبہ ہے، ریڈ لائن بی آر ٹی میں تاخیر محکمہ ٹرانسپورٹ کی وجہ سے نہیں ہوئی۔