اسلام آباد (رانا غلام قادر)نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی ((NACTA نے ہیلپ لائن 1719کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہےجس پر ملک بھر سے مفت کال کی جاسکتی ہے ۔ نیکٹا حکام کے مطا بق اس کا مقصد معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینا، پرتشدد انتہا پسندی کا سدباب کرنا، اور عوام—بالخصوص نوجوانوں—کو پرامن، متوازن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل میں شامل کرنا ہے۔NACTA کی جانب سے اس نئی ہیلپ لائن کا اجراء حکومت کی انتہاپسندی کے خلاف حکمت عملی کااہم جزو ہے 1719 ہیلپ لائن کے ذریعے شہریوں کو ایک محفوظ پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ انتہا پسندی، نفرت انگیز مواد، یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دے سکیں، یا رہنمائی حاصل کر سکیں۔یہ ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال رہے گی اور تربیت یافتہ عملہ شہریوں کی کالز کو مکمل رازداری کے ساتھ سنے گا، رہنمائی فراہم کرے گا، اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے گی۔اس اقدام کے ساتھ ساتھ نیکٹا نے ڈیجیٹل مہمات، آگاہی پروگرامز، اور سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، اور مذہبی اسکالرز کے ساتھ تعاون کے منصوبے بھی شروع کیے ہیں تاکہ ایک پرامن، باہمی احترام اور قومی یکجہتی پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔