• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ شبنم کی اسحاق ڈار سے ملاقات، پاکستان اور بنگلادیش میں ڈائریکٹ فلائٹ کا مطالبہ

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے دورے کے موقع پر ایک سرکاری تقریب کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کو بام عروج پر پہنچانے والی اور ماضی کی کئی سپر ہٹ فلموں کی سدا بہار اداکارہ شبنم کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ 

لیجنڈری اداکارہ کی غیر معمولی اداکاری کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شبنم نے دنیا میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اداکارہ شبنم سے ملاقات اور گفتگو بھی کی۔ 

انہوں نے پاکستان میں فنونِ لطیفہ کے لیے شبنم کی خدمات کو سراہا اور ماضی کی پاکستانی فلمی صنعت کے عروج میں ان کے کردار کو تسلیم کیا۔ 

کئی دہائیوں تک پاکستان کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی منجھی ہوئی اداکارہ شبنم نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ وہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ہوائی سفر کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

شبنم کا کہنا تھا کہ میں 15 گھنٹے کا طویل سفر نہیں کرسکتی، لہٰذا پاکستان سے بنگلادیش کےلیے براہ راست فلائٹ کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ 

انکا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں بسنے والے اپنے لاکھوں مداحوں سے ملنا چاہتی ہوں۔ لیکن میری صحت طویل سفر کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ مجھے پاکستان سے اکثر اپنے پرستاروں کی کالز آتی ہیں اور وہ یہ پوچھتے ہیں کہ آپ کراچی اور لاہور کب آ رہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید