اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان ایگریکلچر اینڈ ریسرچ کونسل (پی اے آر سی)کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ کے اندر اندر مقدمہ کی سماعت مکمل کرنے کا حکم جاری کیا ہے، جسٹس محمد آصف پر مشتمل سنگل بنچ نے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں عدالت نے قراردیاہے کہ درخواست گزار،ملزم پر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات ہیں، جن کے ابتدائی شواہد موجود ہیں، ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 409 کا اطلاق ہوتا ہے جو مکمل طور پر ممنوعہ نوعیت کا جرم ہے اور جس کی سزا سخت نوعیت کی ہے، جس کے پیش نظر ضمانت دینے کا کوئی جواز پیدا نہیں ہوتا ،عدالت نے ٹرائل کورٹ کو مقدمہ کی سماعت تین ماہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔