• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر کے مختلف علاقوں میں یوم آزادی سے متعلق آرائشی اشیا کے سٹالز سج گئے

ملتان (سٹاف رپورٹر) ماہِ آزادی، اگست کی آمد کیساتھ ہی ملتان شہر کے مختلف علاقوں میں یومِ آزادی سے متعلق اشیاء کے سٹالز لگنا شروع ہو گئے ہیں۔ گھنٹہ گھر، حسین آگاہی‘ چوک نواں شہر، گلگشت‘ بوسن روڈ، لوہاری گیٹ اور دیگر بازاروں میں قومی پرچم، سبز و سفید بیجز، کیپ، ٹی شرٹس، چوڑیاں، جھنڈیاں‘ ماسک‘ ربن اور دیگر سامان کے خوبصورت سٹالز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔بچوں، نوجوانوں اور خواتین میں یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے خصوصی دلچسپی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اسٹالز پر لگے سبز و سفید رنگ کے دیدہ زیب سامان نے بازاروں کی رونق کو دوبالا کر دیا ہے۔دکانداروں کے مطابق اس سال خریداری کا رجحان گزشتہ برس کی نسبت بہتر ہے اور شہری جوش و خروش کے ساتھ یومِ آزادی منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ بیشتر سٹالز پر رعایتی نرخوں پر اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں تاکہ ہر کوئی اس خوشی میں شریک ہو سکے۔ واضح رہے کہ 14اگست کے قریب آتے ہی یہ سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہیں اور شہر بھر میں جشنِ آزادی کی فضا قائم ہو جاتی ہے۔
ملتان سے مزید