• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری فیملی نے اگر تشدد کیا ہے تو اس سے لا تعلقی کا اظہار کرتا ہوں: سلمان قریشی

ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان قریشی کا کہنا ہے کہ میری فیملی نے اگر تشدد کیا ہے تو اس سے لا تعلقی کا اظہار کرتا ہوں، واقعے کی ایف ائی آر ہو گئی، تحقیقات چل رہی ہیں، اگر میری بیوی اور بیٹا ملوث ہیں تو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔

موٹر سائیکل سوار خاتون پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کی اہلیہ کے تشدد کے معاملے پر  ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان علی قریشی کا بیان سامنے آ گیا۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان قریشی کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے مجھے عہدے سے ہٹانے کی سمری صدرِ مملکت کو بھجوائی ہے، ابھی ڈپٹی اٹارنی جنرل ہوں، عہدے سے ہٹانے کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں ملا۔

سلمان قریشی نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ کسی بھی افسر کو سوشل میڈیا مہم پہ نہ ہٹایا جائے، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب معاملے کی تحقیقات کروائیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ  میری فیملی نے اگر تشدد کیا ہے تو اس سے لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں، جب واقعہ پیش آیا میں اس وقت شہر میں نہیں تھا، مدعی نے بھی کہا ہے کہ میرا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

سلمان قریشی نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو درخواست بھیج دی ہے، میرا خیال ہے وہ میرٹ پہ فیصلہ کریں گے، سوشل میڈیا کیمپین دیکھ کر وزیرِ اعظم کو غلط بریف کیا گیا، اگر مجھے برطرف کیا گیا تو عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہوں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہر فیصلے کا پابند ہوں، میں اپنے حق کے لیے وزیرِ اعظم ہاؤس کا دروازہ کھٹکھٹاؤں گا۔

قومی خبریں سے مزید