محکمۂ انہار کی جانب سے دریائے ستلج کا پانی دریائے چناب میں ڈالنے کے لیے ایم فائیو موٹروے پر شگاف ڈالنے کی تجویز دی گئی ہے۔
محکمۂ انہار کے مطابق ممکنہ طور پر موٹروے پر شگاف ڈالنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔
محکمہ انہار نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ پانی کو دریائے چناب میں ڈالنے کے لیے موٹروے ایم فائیو پر شگاف ڈال دیا جائے، دریائے ستلج کا پانی 40 فیصد اپنا راستہ بدل چکا ہے، اوچ شریف روڈ پر شگاف ڈالنے اور نورجہ بھٹہ کا بند ٹوٹنے سے دریائے ستلج نے اپنا راستہ بدلا ہے۔
محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج کا پانی ہیڈ پنجند کی طرف جانے کے بجائے اوچ شریف روڈ کے شگاف سے جلال پورپیروالا کی طرف جا رہا ہے۔
محکمہ انہار کے مطابق چیئرمین این ایچ اے، کمشنر ملتان، سیکریٹری انہار، سیکریٹری سروسز پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی، کمیٹی کا ہنگامی اجلاس گزشتہ رات گیارہ بجے جلال پورپیروالا میں ہوا، کمیٹی تمام تر ممکنہ خطرات کا جائزہ لے گی۔