• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی قیادت میں نئے چیف الیکشن کمشنر سمیت اہم سیاسی و آئینی امور پر مشاورت

حکمران جماعت ن لیگ کی مرکزی قیادت نے نئے چیف الیکشن کمشنر سمیت اہم سیاسی و آئینی امور پر مشاورت کرلی۔

ذرائع کے مطابق مری میں سابق وزیراعظم اور ن لیگی صدر نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملاقات کی ہے۔

اس دوران تینوں رہنماؤں نے سیاسی اور آئینی امور سمیت سیلاب کی تباہ کاریوں پر بات چیت کی، نئے چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر اہم امور بھی زیر غور آئے۔

ذرائع کے مطابق دوران ملاقات نواز شریف نے شہباز شریف کو سیاسی اور آئینی معاملات پر اتحادیوں سے رابطے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

پارٹی قائد کو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب کی تازہ صورتحال، امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے خیبر پختونخوا اور اب پنجاب میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا اور وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو تباہ کاریوں سے نمٹنے کی ہدایت کی۔

نواز شریف نے وزراء اور پارٹی کے اراکین اسمبلی کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی ہدایت بھی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے نواز شریف کو اپنے دورہ جاپان اور طے پانے والے معاہدوں سے بھی آگاہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید