انگلینڈ میں فٹبال کے میدان میں جلد ہی ایک نئی تاریخ بننے جا رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹ بال کلب کے کھلاڑی ڈیجڈ اسپینس انگلینڈ کے پہلے مسلمان فٹبالر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے ہیں۔
اس حوالے سے ڈیجڈ اسپینس نے کہا کہ انگلینڈ کا پہلا مسلمان فٹبالر ہونا اعزاز کی بات ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ حیرت انگیز بھی ہے اور میرے پاس اپنے جذبات کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں لیکن اس حقیقت کی وجہ سے میں نے کبھی کوئی اضافی دباؤ محسوس نہیں کیا، میں صرف اپنے چہرے پر مسکراہٹ لیے فٹبال کھیلتا ہوں۔
ڈیجڈ اسپینس نے کہا، ’اللّٰہ بہت عظیم ہے اور میں اس کا شکر گزار ہوں، زندگی کے مشکل ترین لمحات میں ہمیشہ اس بات پر یقین رکھا کہ خدا ہمیشہ میرے ساتھ ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ جب بھی میں کامیاب ہوتا ہوں تو میں یہی کہتا ہوں کہ اللّٰہ میرے ساتھ ہے، میرے لیے میرا ایمان سب سے اہم ہے۔
ڈیجڈ اسپینس نے مزید کہا کہ مضبوط ذہنیت کے بغیر انسان ترقی نہیں کر سکتا اور میرے پاس چیلنجز سے لڑنے کے لیے مضبوط ذہنیت ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ان لوگوں کی باتوں کو اپنے ذہن پر سوار نہیں کرتا جو میری قابلیت پر شک کرتے ہیں بلکہ انہیں غلط ثابت کرنا مجھے اچھا لگتا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیجڈ اسپینس کو فٹبال کیریئر کے آغاز میں اپنی صلاحیتیں منوانے میں بہت وقت لگا اور اُنہوں نے اپنی پہچان بنانے کے لیے بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا۔