• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم اور مسلح افواج اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہیں،سردار جوگیزئی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے ، 6 ستمبر 1965 کو ہماری بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے ساتھ مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اس دن کو ہمیشہ کیلئے حب الوطنی ، قومی یکجہتی اور ہمت و بہادری کا تاریخ ساز دن بنایا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قوم کیلئے تاریخی دن ہے جب ہماری مسلح افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہیں اور وطن عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو ہماری مسلح افواج اور پوری قوم نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ثابت کردیا کہ وطن کے دفاع کیلئے عددی اکثریت نہیں بلکہ قومی یکجہتی ، جذبہ ، قربانی اور حب الوطنی کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم وطن کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے ان شہیدوں اور غازیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی ، خوشحالی ، استحکام اور اس کی سرحدوں کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
کوئٹہ سے مزید