کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور مسٹر شی یوان چیانگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان سدابہاراسٹریٹجک شراکت دار اور آہنی دوست ہیں، میڈیا کا کردار پاک۔چین دوطرفہ تعلقات اور سی پیک کے منصوبوں کے فروغ میں نہایت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے لیے منعقدہ تربیتی ورکشاپ بعنوان “سی پیک رپورٹنگ اور میڈیا ایتھکس کے حوالے سے صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی صلاحیتوں میں اضافہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ ورکشاپ اسلام آباد میں سینٹر فار ڈیموکریسی اینڈ کلائمیٹ اسٹڈیز (سی ڈی سی ایس) نے چینی سفارتخانے کے اشتراک سے منعقد کی، چینی سفارتخانے کے کونسلر مسٹر وانگ شینگ جئے نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام میں چین کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔تربیتی ورکشاپ کے شرکاء نے پروگرام کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس طرح کے اقدامات پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بناتے ہیں اور پاک۔چین تعلقات کے بارے میں درست بیانیہ کو فروغ دیتے ہیں۔