• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر خالد امریکی سرزمین پر فتحیاب ہونیوالے پہلے پاکستانی گولفر بن گئے

فوٹو — جیو نیوز
فوٹو — جیو نیوز

پاکستان کے ابھرتے ہوئے گالفر عمر خالد حسین نے فینڈرچ اوپن ٹرافی جیت کر امریکی سرزمین پر گولف ٹائٹل جیتنے والا پہلا پاکستانی کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

عمر خالد امریکا میں کالجیٹ اسپورٹس کی بلند ترین سطح این سی اے اے ڈویژن 1 میں کھیلنے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

اُنہوں نے 61 اور 65 کے شاندار اسکور کے ساتھ میدان مارا اور 18 ہزار 700 ڈالرز کے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پروفیشنل گالفرز کی ایک بڑی فہرست کو پیچھے چھوڑا۔

واضح رہے کہ عمر خالد کے پاس 16 برس کی عمر میں پاکستان امیچور جیتنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی ہے۔

اُنہوں نے فالڈو سیریز پاکستان ٹائٹل، 40 اسٹروکس کے بڑے فرق سے اپنے نام کرکے ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

بعد ازاں، عمر خالد 17 برس کی عمر میں کسی بھی امریکی گالف ایسوسی ایشن (یو ایس جی اے) کے ایونٹ میں کٹ لائن عبور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بنے۔ 

اُنہوں نے یہ سنگ میل امریکا جونیئر گالف چیمپئن شپ میں حاصل کیا جو اوریگون کے مشہور بندون ڈونز گالف کلب میں منعقد ہوئی تھی۔

عمر خالد نے 2024ء میں دوحہ میں منعقد ہونے والے قطر اوپن میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

وہ 17 برس کی عمر میں پاکستان کے کم عمر ترین نمبر ون گالفر بھی بنے اور پاکستان اوپن میں لو امیچور (low amateur) کا اعزاز اپنے نام کیا۔ 

عمر خالد پاکستان کی نمائندگی ایشین گیمز، ایشیا پیسفک گالف چیمپئن شپ اور ورلڈ چیمپئن شپ میں کر چکے ہیں، جب کہ برٹش امیچور، اسکاٹش اوپن اور سینٹ اینڈریوز اوپن جیسے مقابلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید