• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں آپریشن، 7 بھارتی سرپرست یافتہ دہشتگرد ہلاک

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،  سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید