• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی ٹیم کے عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات، پُرامن طریقے سے مسائل کا حل نکالنے پر زور

آزاد کشمیر میں پُرتشدد احتجاج کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومتی مذاکراتی ٹیم اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں مسائل کا حل نکالنے پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر راجا پرویز اشرف کی سربراہی میں حکومتی ٹیم کے عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات، پُرامن طریقے سے مسائل کا حل نکالنے پر زور  دیا گیا۔

سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ سید منظور گیلانی نے عوامی ایکشن کمیٹی سے مثبت مذاکرات کرنے کی اپیل کی۔

مصالحتی کمیٹی کے رکن سہیل مغل نے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی غیر مشروط مذاکرات کی جانب بڑھے، آزاد کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے سربراہ سردار ذوالفقار علی نے کہا کہ گیند اب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کورٹ میں ہے۔

مظفر آباد میں وفاقی وزراء احسن اقبال، امیر مقام اور رہنما پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے  میڈیا سے بات چیت کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی مذاکراتی ٹیم مظفرآباد آئی ہے، ہم آزاد کشمیر میں امن چاہتے ہیں، دشمن ملک عدم استحکام سے فائدہ اٹھانے میں دیر نہیں لگاتا۔

امیر مقام نے کہا کہ بہت سے معاملات میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے، اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، باہمی افہام تفہیم سے مسائل حل ہونے چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم اپنے ساتھیوں کے جائز مطالبات میں ان کے ساتھ ہیں،  وزیراعظم شہباز شریف خود اس مسئلے کو دیکھ رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید