ابوظبی کے پاکستانی سفارتخانے میں دو باصلاحیت نوجوان مصنفین، آمنہ منور خان اور دعا فرحان کی تخلیقات کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس کی میزبانی سفیرِ پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کی۔
اس موقع پر انہوں نے دونوں مصنفین کی ادبی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نوجوان قوم کی شناخت اور فخر ہیں۔
آمنہ منور خان کی کتاب "گرل ہوڈ ڈائریز" (Girlhood Diaries) لڑکیوں کے جذباتی اور سماجی تجربات، ان کے خوابوں اور روزمرہ چیلنجز کی ایک حساس داستان ہے، ایک ایسا آئینہ جس میں جدید دور کی لڑکی اپنی پہچان تلاش کرتی ہے۔
دوسری جانب، دعا فرحان کی تصنیف "دی ٹروتھ بی ہائنڈ دی ایول" (The Truth Behind the Evil) نیکی اور بدی کے ازلی تصادم کو فلسفیانہ رنگ میں پیش کرتی ہے، جہاں روشنی اور تاریکی کے بیچ انسانی روح کی کشمکش کہانی کا مرکزی نکتہ بن جاتی ہے۔
تقریب میں کتابوں کے موضوعات، ادب کے بدلتے رجحانات اور جدید دور میں مطالعے کے کم ہوتے رشتے پر گفتگو ہوئی۔
سفیرِ پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ "یہ نوجوان مصنفین نہ صرف ہمارے ادب کی نئی آوازیں ہیں بلکہ پاکستان کا انمول چہرہ اور فکری قوت بھی ہیں۔"
تقریب کے اختتام پر سفارتخانے کی جانب سے دونوں مصنفین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔