 
                
                 
 
معروف سینئر اداکارہ اور فیصل قریشی کی والدہ افشاں قریشی نے اپنے شوہر سے جڑی خوبصورت محبت کی کہانی سنادی۔
افشاں قریشی چار دہائیوں سے شوبز انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری سے پہچانی جاتی ہیں۔ وہ نجی ٹی وی کے پروگرام کی مہمان بنیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے یادگار لمحات کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں فیصل کے پاپا سے بےحد محبت کرتی تھی، ایک موقع پر میں نے ایک فلم سائن کی لیکن شوٹنگ پر جانے کے بجائے کراچی واپس آ گئی تاکہ ان سے ملاقات کر سکوں، جب فلم کے ڈائریکٹر مجھے ڈھونڈتے ہوئے گھر پہنچے تو میں بستر کے نیچے چھپ گئی۔
افشاں قریشی نے مزید بتایا کہ ’میری ملاقات فیصل قریشی کے والد سے ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی، ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے اور یہ ایک خاموش وعدہ تھا، میرے شوہر نے کبھی براہِ راست اظہارِ محبت نہیں کیا بلکہ سیدھا والدین کے پاس رشتہ لے کر پہنچ گئے تاہم میرے والدین نے ابتدا میں انکار کردیا تھا کیونکہ وہ اپنے بچوں کی شادیاں صرف میمن خاندانوں میں کرتے تھے، میں ایک ماہ تک روتی رہی، بالآخر میری والدہ نے والد کو راضی کیا اور شادی طے پا گئی۔‘
انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں صرف 25 سال کی تھی جب میرے شوہر کا انتقال ہوگیا، جبکہ فیصل قریشی اس وقت صرف 8 سال کے تھے۔
افشاں قریشی نے کہا کہ میں نے جوانی میں بیوگی کا صدمہ برداشت کیا، مگر ہمیشہ اللّٰہ کی رضا پر راضی رہی اور اپنی زندگی اکیلے ہی گزاری۔