بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دیوالی کے دوران دنیا کا سب سے مضر صحت شہر بن گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دیوالی پر پٹاخوں اور آتش بازی کے باعث شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس دنیا میں سب سے زیادہ مضر صحت ہوگیا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے پچھلے ہفتے پٹاخوں پر پابندی یہ کہہ کر اٹھالی تھی کہ صرف اتوار اور پیر کو 3 گھنٹے کے لیے ’گرین‘ پٹاخے چلائے جاسکتے ہیں۔
خبر ایجنسی نے لکھا ہے کہ پٹاخے چلانے کے لیے 3 گھنٹے کی پابندی پر عمل نہیں کیا گیا، یہ گرین فائر کریکر روایتی پٹاخوں سے 30 فیصد کم دھواں خارج کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کو نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 442 ریکارڈ کیا گیا، جو دنیا میں سب سے زیادہ مضر صحت تھا۔
دوسری طرف گزشتہ رات بھارت بھر میں دیوالی منائی گئی، لوگوں کی بڑی تعداد نے دیے جلائے، پٹاخے چلائے اور خوشیاں منائیں۔
اس بارے میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادیو نے دیوالی کے بعد کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں بہت سے لوگ دیے کی کٹوریوں سے بچا کھچا تیل اپنے برتنوں میں جمع کر رہے ہیں۔
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں درج کیا کہ ’یہ روشنی کے بعد چھا جانے والی تاریکی ہے، یہ اندھیرے کا وہ نظارہ ہے، جو سچ ہے‘۔