برطانوی پولیس نے دارالحکومت میں دکانوں پر بڑے پیمانے پر چھاپے مار کر ہزاروں چوری شدہ موبائل فونز، گیمنگ کنسولز اور قیمتی اشیاء برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں پولیس نے دو دن کے دوران 120 سے زائد دکانوں پر چھاپے مارے، یہ کارروائیاں آپریشن زورِڈون (Operation Zoridon) کے نام سے کی گئیں، جو اس وقت شروع کیا گیا جب شہر میں شاپ لفٹنگ کے واقعات میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق وول وچ (Woolwich) کے ایک اسٹور میں چوروں نے پولیس سے بچنے کے لیے خفیہ تہہ خانے اور لکڑی کے پینلوں کے پیچھے چھپے کمروں میں سامان چھپا رکھا تھا، وہاں سے دو ہزار سے زائد موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز برآمد ہوئیں، جس میں سے بیشتر چوری یا جعلی ہونے کا شبہ ہے۔
اسی اسٹور سے پچاس ہزار پاؤنڈ مالیت کے گیمنگ کنسولز بھی ملے، جنہیں پولیس نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی برآمدگی قرار دیا۔