بھارتی صدر دروپدی مُرمو کے ہیلی کاپٹر کے اترنے کے فوراً بعد کیرالہ میں نیا بنایا گیا ہیلی پیڈ زمین میں دھنس گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دروپدی مُرمو کے ہیلی کاپٹر کو یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ سبریمالا مندر میں حاضری کے لیے کیرالہ پہنچیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہیلی پیڈ کا اصل مقام نِلاکل طے کیا گیا تھا تاہم خراب موسم کے باعث آخری لمحے میں ہیلی کاپٹر کا لینڈنگ مقام بدل کر پرمدم کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی پیڈ کی تعمیر گزشتہ رات دیر سے مکمل کی گئی تھی جس پر آج صبح صدر کے ہیلی کاپٹر نے لینڈ کرنا تھا، کنکریٹ پوری طرح سخت نہیں ہوا تھا جس کے باعث ہیلی کاپٹر کے وزن سے زمین دھنس گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا ہے کہ وقت کی کمی کے باعث کنکریٹ مکمل طور پر خشک نہیں ہو سکا تھا اس لیے ہیلی کاپٹر کے پہیوں کے نیچے دباؤ سے زمین میں گڑھے بن گئے۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے جس میں بعد ازاں پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو بھارتی فضائیہ کے Mi-17 ہیلی کاپٹر کو دھنسی ہوئی زمین سے نکالنے میں مدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔