دنیا کے مشہور ترین لوور میوزیم (Louvre Museum) میں فرانسیسی تاج کے جواہرات کی حیران کن چوری کے بعد میوزیم کی ڈائریکٹر لورنس ڈے کار نے سیکیورٹی میں سنگین کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اسے ایک بہت بڑی ناکامی قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرس میں واقع یہ تاریخی میوزیم اس واقعے کے بعد پہلی بار دوبارہ عوام کے لیے کھولا گیا، جہاں طویل قطاریں لگ گئیں، یہ چوری رواں صدی کی سب سے بڑی چوری قرار دی جا رہی ہے۔
فرانسیسی سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے ڈائریکٹر لورنس ڈے کار نے اعتراف کیا کہ میوزیم کے باہر سیکیورٹی کیمرے ناکافی تھے اور کئی دیگر کمزوریاں بھی اس واقعے کے دوران سامنے آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم لوور میں ایک خوفناک ناکامی کا سامنا کر رہے ہیں اور میں اس کی مکمل ذمہ داری لیتی ہوں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ پیش کیا تھا لیکن فرانسیسی وزیرِ ثقافت نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ رپورٹس کے مطابق چور انتہائی مہارت کے ساتھ دن کی روشنی میں میوزیم میں داخل ہوئے اور فرانسیسی تاج کے 8 قیمتی جواہرات لے کر فرار ہوگئے تھے۔