فوزیہ ناہید سیال، لاہور
یوں تو چکن سے بنے سارے ہی کھانے لذیذ اور مقبولِ عام ہیں، لیکن فرائیڈ چکن کی بات ہی نرالی ہے۔ اس کا نام سُنتے ہی منہ میں پانی بَھر آتا ہے۔ اگر آپ ڈِنر کے لیے معمول کے چکن کے کھانوں سےہٹ کر کچھ غیر روایتی ڈِشز بنانا چاہتی ہیں، تو ذیل میں پیش کی جانے والی ہماری فرائیڈ چکن لیگ پیسز، فرائیڈ چکن بوٹی اور فرائیڈ چکن وِنگز کی تراکیب بہترین انتخاب ثابت ہوں گی۔
فرائیڈ چکن کی ان گرماگرم ڈِشز کی اشتہا انگیز خوش بُوہی کھانےوالوں کو آپ کا گرویدہ کردے گی اور یوں بچّوں، بڑوں کی یہ مرغوب ترین خوراک شان دارڈِنر کی ضمانت بن جائے گی۔
فرائیڈ چکن لیگ پیسز
اجزا: چکن لیگ پیسز 6عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سُرخ مِرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ایک بڑے لیموں کا رس، بیسن ایک کھانےکا چمچ، انڈے دو عدد اور میدہ (ڈِپ کرنے کے لیے)، نمک حسبِ ضرورت اور کوکنگ آئل۔
ترکیب: ڈیڑھ پیالی پانی میں تمام چکن لیگ پیسز اُبال لیں اورٹھنڈا ہونے پراُن پہ کَٹس لگائیں۔ پھر ایک بڑے سے باؤل میں بوائلڈ چکن لیگ پیسز ڈالیں اور تمام مسالے (انڈے اور میدے کے علاوہ) اس میں شامل کرلیں۔
پھر انہیں اچھی طرح مکس کریں اور میری نیٹ کرنے کے بعد دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب کوکنگ آئل گرم کریں اور چکن لیگ پیسز باری باری پھینٹے ہوئے انڈے اور میدے میں ڈِپ کرکے ڈِیپ فرائی کر لیں۔ لیجیے، مزے دار فرائیڈ چکن لیگ پیسز تیار ہیں۔ اب انہیں کیچپ کے ساتھ خوب مزے سے کھائیں۔
فرائیڈ چکن وِنگز
اجزا: چکن وِنگز آدھا کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سُرخ مِرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، گرم مسالا پائوڈر آدھا چائے کا چمچ، بیسن دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ضرورت، بڑے لیموں کا رس، انڈے دو عدد اور میدہ حسبِ ضرورت (ڈِپ کرنے کے لیے)، کوکنگ آئل۔
ترکیب: چکن وِنگر کو درمیان سے کاٹ لیں اور ایک بائول میں ڈال کر انڈے اور میدے کے علاوہ تمام مسالے شامل کرلیں۔ اب انہیں اچّھی طرح مکس کریں اور دو گھنٹے تک میری نیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔ پھر وِنگز کو باری باری انڈے اور میدے میں ڈبو کرڈِیپ فرائی کرلیں۔ کچھ ہی دیرمیں ذائقے سے بھرپور چکن ونگز تیار ہوں گے۔ انہیں چٹنی یا کیچپ کے ساتھ سرو کیا جا سکتا ہے۔
فرائیڈ چکن بوٹی
اجزا: چکن بون لیس آدھا کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، سُرخ مِرچ کا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائےکا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، بیسن ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، ایک بڑے لیموں کا رس، انڈے دو عدد اور میدہ حسبِ ضرورت (ڈِپ کرنے کے لیے) اور کوکنگ آئل۔
ترکیب: چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں کرلیں۔ ایک بائول میں ساری بوٹیاں ڈالیں اور انڈے اور میدےکے سوا تمام مسالے شامل کرلیں۔ پھر انہیں اچھی طرح مکس کریں اور میری نیٹ کرکے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب بوٹیاں انڈے اور میدے میں ڈِپ کرکے فرائی کرلیں۔ لیجیے، مزے دار چکن فرائی بوٹی تیار ہے۔ اب اِسے چٹنی یا کیچپ کے ساتھ انجوائے کریں۔