• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس: میوزیم سے قیمتی زیورات چوری، 2 مشتبہ افراد گرفتار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

فرانسیسی حکام نے دنیا کے مشہور لوور میوزیم سے قیمتی زیورات کی حالیہ چوری کے مقدمے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا مشتبہ شخص 25 اکتوبر کی رات تقریباً 10 بجے پیرس شارل ڈی گال ایئرپورٹ سے الجزائر جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم پیرس کے نواحی علاقے سے کچھ دیر بعد حراست میں لیا گیا۔

دونوں افراد کی عمریں 30 سال کے قریب ہیں اور وہ سین سینٹ ڈینس (Seine-Saint-Denis) کے رہائشی ہیں، حکام کے مطابق دونوں پہلے سے ہی فرانسیسی پولیس کو مطلوب تھے۔

گزشتہ ہفتے صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر چار نقاب پوش چوروں نے دن دہاڑے لوور میوزیم میں ایک ڈکیتی کی اور 88 ملین یورو (تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر) مالیت کے نایاب زیورات چرا لیے۔

رپورٹس کے مطابق چوروں نے چین سا (chainsaw) کی مدد سے میوزیم کی دیوار چڑھ کر محض سات منٹ میں کارروائی مکمل کی، چوری کیے گئے قیمتی نوادرات میں نیپولین بوناپارٹ کے خاندان کے تاریخی زیورات شامل تھے جس میں تاج، ہار اور بروچز شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے خصوصی تفتیشی ٹیم 96 گھنٹے تک پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکن ہے چوروں نے زیورات کو پہلے ہی پگھلا دیا یا دوبارہ تراش لیا ہو، کیونکہ سونا اور چاندی آسانی سے پگھلائے جا سکتے ہیں اور قیمتی پتھر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹے جا سکتے ہیں، جس سے انہیں شناخت کرنا تقریباً ناممکن ہوجاتا ہے۔

واقعے کے بعد لوور انتظامیہ نے اپنے سب سے قیمتی نوادرات کو بینک آف فرانس منتقل کردیا ہے تاکہ مزید کسی ممکنہ چوری سے بچا جا سکے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید