اگر آپ آج لنچ میں کچھ معمول سے ہٹ کر ٹرائی کرنا چاہتی ہیں، لیکن مینیو کے تعیّن میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پا رہیں، تو ہم آپ کی یہ مشکل، اُلجھن دُور کیے دیتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ایسےکھانوں کی تراکیب بتارہے ہیں، جو متوازن ہونے کے ساتھ لذّت وغذائیت اور مشرق و مغرب کا بہترین امتزاج بھی ہیں۔
پروٹین سے بھرپور ذائقے دار اٹالین ڈِش، چکن ٹماٹو وِد پاستا اور کسی بھی روایتی سبزی کی ڈش یا دال کے ساتھ زُود ہضم لوکی کے رائتے کا امتزاج یقیناً آپ کے لنچ کا لُطف دوبالا کر دے گا، تو پھر دیر کیسی…؟؟ فوراً ان تراکیب کو آزمائیں اور سب کا دل جیت لیں۔
چکن ٹماٹو وِد پاستا
اجزا: چکن کا قیمہ ایک کپ، پاستا (نمک ملے پانی میں اُبلے ہوئے) حسبِ ضرورت، ٹماٹر آدھا کلو، نمک حسبِ ذائقہ، سیاہ مِرچ پاؤڈر حسبِ ذائقہ، کارن فلور ایک چائے کا چمچ، پیاز ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)، چائنیز نمک آدھا چائے کا چمچ، مکھن دو کھانے کے چمچ، ٹماٹو کیچپ دو کھانے کے چمچ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سبز دھنیا حسبِ ضرورت، سبز مِرچ تین عدد (لمبائی میں کاٹ لیں)، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک نان اِسٹک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں قیمہ، ادرک کا پیسٹ اور تھوڑا سا نمک ڈال کے اچھی طرح بُھون لیں۔ ٹماٹروں کو اُبال کراُن کا چھلکا اُتار کے میش کرلیں۔ ٹماٹروں کو ایک الگ سوس پین میں ڈال کر چند منٹ تک پکائیں۔ پھر مکھن، سیاہ مرچ پاؤڈر، چائنیز نمک اور پیاز ڈال کردو منٹ تک مزید پکائیں۔
اب ٹماٹو کیچپ اور کارن فلور بھی ڈال کرچمچ ہلائیں۔ مکسچر گاڑھا ہونے لگے، تو قیمہ بھی ڈال دیں اور 5منٹ تک ہلکی آنچ پر اُبال آنے تک پکائیں۔ پھر ایک سروِنگ ڈِش میں پاستا کی تہہ بچھائیں اور تیار کیا ہوا چکن، ٹماٹر کا مکسچر ڈال دیں۔ آخر میں سبز دھنیے اور سبز مرچوں سے گارنش کریں۔ لیجیے، مزے دار چکن ٹماٹو وِد پاستا تیار ہے۔ (خالدہ علی، لاہور)
لوکی کا رائتہ
اجزا: لوکی آدھا کلو، سبز مرچ (بڑی والی) دس عدد، سبز دھنیا آدھی گڈی، نمک حسب ضرورتِ، دہی ایک پاؤ، تیل بگھار کے لیے، کڑی پتا اور سفید زیرہ۔
ترکیب: سب سے پہلے لوکی چھیل کر موٹے اور بڑے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور اسے تھوڑے سے پانی میں اُبال لیں۔ جب لوکی اچھی طرح گل جائے اور پانی خشک ہوجائے، تو چولھے سے اتار کر ٹھنڈا کر لیں۔ اب سبز مرچ، سبز دھنیا اور نمک لوکی میں مِلا کر اسے پیس لیں۔ ساتھ ہی دہی بھی مِلا لیں۔ ایسے کہ رائتا سا بن جائے۔
آخر میں تیل گرم کریں اور رائتے کو کڑی پتے اور زیرے کا بگھار لگائیں۔ اب اِسے کھانے کے ساتھ سَرو کریں۔ لنچ میں سبزی ہو یا دال، یہ لذیذ رائتہ ہرڈش کا لُطف دوبالا بلکہ سہہ بالا کردے گا۔ (ثناء توفیق خان، ملیر، کراچی )