دبئی(سبط عارف) امارات ، سنگاپور کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال میں سبقت ، پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلجنس کا محدود پیمانے پر استعمال، اے آئی اکنامی انسٹیٹیوٹ کی نئی رپورٹ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور ناروے نے آرٹیفیشل انٹیلجنس (AI ) کے عالمی استعمال میں نمایاں برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ پاکستان اس دوڑ میں کافی پیچھے ہے جہاں آبادی کا صرف ایک محدود حصہ روزمرہ زندگی میں اے آئی ٹولز استعمال کر رہا ہے۔یہ انکشاف مائیکروسافٹ کے اے آئی اکنامی انسٹیٹیوٹ کی نئی رپورٹ “اے آئی ڈیفیوشن رپورٹ 2025” میں کیا گیا ہے۔رپورٹ میں 170 ممالک میں آرٹیفیشل انٹیلجنس کے فروغ، اسکے استعمال اور سرکاری و نجی شعبوں میں اس کے انضمام کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات اور سنگاپور میں کام کرنے والی پچاس فیصد سے زائد افراد باقاعدگی سے آرٹیفیشل انٹیلجنس ( AI ) استعمال کر رہے ہیں، جس سے یہ دونوں ممالک عالمی درجہ بندی میں سرفہرست قرار پائے ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان میں اے آئی کا استعمال 15 فیصد سے بھی کم ہے، جہاں بیشتر افراد اب تک آرٹیفیشل انٹیلجنس (AI ) کام یا تعلیم کے لیے استعمال نہیں کر رہے۔