اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف قرارداد پیش کی جائے گی۔
راولپنڈی میں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز ممبران قومی اسمبلی و سینیٹ، قومی اسمبلی سے سپریم کورٹ تک واک کریں گے۔
اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم بشمول 26ویں ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے کےخلاف ہے، ترامیم مسترد کرتے ہیں، مطالبہ ہے کہ آئین کو اصل شکل میں بحال کیا جائے، منصور علی شاہ اور اطہر من اللّٰہ کے استعفی کو مزاحمت کے طور پر تعبیر کرتے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ کے پی کے امن جرگہ اعلامیہ کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مکمل طور پر حمایت کرتی ہے۔
اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ ممبران پنجاب اسمبلی پیر کے روز پنجاب اسمبلی سے لاہور ہائیکورٹ تک مارچ کریں گے، آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور قیادت و کارکنان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، تحریک تحفظ آئین پاکستان تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔