• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’میٹھا‘‘ تو ایشیائی کھانوں کا جیسے جزوِ لازم ہے۔ دوپہر، رات کا عمومی کھانا ہو یا کوئی دعوت، ایک سے دو سویٹ ڈشز نہ ہوں، دستر خوان ادھورا، دعوت نامکمل ٹھہری۔ تو چلیں، آج ہم آپ کو سیب کے میٹھے، سویّوں اور زردے جیسی کچھ سویٹ ڈشز تیار کرنے کی تراکیب بتا رہے ہیں۔ 

یہ تینوں ہی میٹھے پکوان نہایت آسانی سے تیار ہوتے ہیں اور ان سے اہلِ خانہ کے علاوہ مہمانوں کی بھی خاطر تواضع کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے، اگر اچانک مہمان آجائیں اور گھر پر سیب، کریم اور مالٹے موجود ہوں، تو دس، پندرہ منٹ میں ’’سیب کا میٹھا‘‘ بن جاتا ہے، جب کہ کریم دست یاب نہ ہو تو اِس میں دہی بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سیب کا میٹھا

اجزاء: سیب4 عدد (نرم)، کالی کشمش کھانے کے4 چمچ، شکر پِسی ہوئی2 چھٹانک (125 گرام)، مالٹے کا جوس کھانے کے3 چمچ، مالٹے کے چھلکے (باریک کٹے ہوئے) کھانے کے3 چمچ، تازہ کریم کھانے کے4 چمچ اور پانی حسب ضرورت۔

ترکیب: سیب چھیل کر، درمیان سے دو ٹکڑے کرکے بیج نکال دیں۔ ایک دیگچی میں سیب اور کھانے کے دو چمچ شکر ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں، دیگچی ڈھانک دیں، سیب نرم ہوجائیں تو چولھا بند کردیں۔ 

اب ایک پیالے میں سیب کے ٹکڑے رکھیں اور اُن پر کریم ڈال کر ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ ایک دیگچی میں پِسی ہوئی شکر چھے کھانے کے چمچ اور کشمش ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں۔

چمچ آہستہ آہستہ مسلسل چلائیں۔ آمیزہ نرم ہوجائے تو مالٹے کا جوس اور چھلکے ڈال کر پکائیں، چھلکے نرم ہوجائیں تو چولھا بند کردیں، یہ سوس ہے۔ اب سیب کا پیالہ ریفریجریٹر سے نکال لیں اور سوس ٹھنڈا کرکے اُس پر ڈال دیں۔ ذائقے دار، صحت بخش سیب کا میٹھا تیار ہے۔ (محمد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ)

میٹھی سویّاں

اجزا: سویّاں موٹی (چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ لیں)500 گرام، گھی آدھا کپ، چینی ایک کپ، سبزالائچی6عدد، کشمش اور بادام حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے سویّاں کُھلے پانی میں اُبال لیں۔ اِنہیں زیادہ نرم نہ ہونے دیں اور چھان لیں۔ اگلے مرحلے میں ایک پتیلی میں گھی ڈالیں اور اس میں سبز الائچی کے دانے فرائی کریں۔ پھر تھوڑا سا پانی اور ساتھ ہی چینی شامل کردیں۔ 

اب اسے اتنی دیر تک پکائیں کہ گاڑھا شیرہ بن جائے۔ اس کے بعد اُبلی ہوئی سویّاں ڈالیں اور ساتھ ہی کشمش اور کٹے ہوئے ہوئے بادام بھی ڈال دیں۔ دس منٹ تک دَم پر رکھیں۔ لیجیے، لذیذ میٹھی سویّاں تیار ہیں۔ انہیں بادام سے گارنش کر کے سَرو کریں۔

زردہ

اجزا: باسمتی چاول دو بڑے کپ، زردہ رنگ ایک چائے کا چمچ، گھی تین چوتھائی کپ، چینی ڈیڑھ کپ، سبز الائچی چھے عدد، بادام، کاجو اور کشمش حسبِ ضرورت۔

ترکیب: زردہ تیار کرنے سے آدھا گھنٹے پہلے چاول بھگودیں اور انہیں اُبالنے کے لیے کافی مقدار میں پانی ابلنا رکھیں۔ ساتھ ہی تھوڑے سے ٹھنڈے پانی میں زردہ رنگ گھولیں اور اُس پانی میں ڈال دیں۔

چاولوں کو دوکنی اُبال کرچھان لیں۔ اب ایک پتیلے میں گھی ڈالیں اور اس میں الائچی کے دانے فرائی کریں، پھر تھوڑا سا پانی ڈالیں اور چینی بھی شامل کردیں۔ اِسے شیرہ گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ 

اس کے بعد، اس میں اُبلے ہوئے چاول ڈالیں اور اوپر سے کٹے ہوئے بادام، کاجو اور کشمش ڈال کر دس منٹ تک دَم پر لگا دیں۔ کچھ ہی دیر میں مزے دار زردہ تیار ہوجائے گا۔ اوپر سے بھی بادام، کاجو کے ساتھ گارنش کرکے پیش کریں۔ (فوزیہ ناہید سیال، لاہور)

سنڈے میگزین سے مزید
    کھانا خزانہ سے مزید