قاضی جمشید عالم صدیقی، لاہور
دُودھ کے ساتھ کھجور کا استعمال ہمیں صحت مند اور قوی رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، کیوں کہ ان دونوں میں موجود غذائی اجزاء جسم کو طویل عرصے تک توانا رکھنے میں خاصے معاون ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم، اس ضمن میں دُودھ اور کھجور کے ایک ساتھ استعمال کاوقت بھی اہمیت کا حامل ہے کہ ایک خاص وقت پر استعمال سے ان کے مفید اثرات میں اضافہ ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر رات کے وقت دُودھ کے ساتھ کھجور کھانے کے فوائد دیگر اوقات کے مقابلے میں کئی گُنا زیادہ ہوتے ہیں۔ یاد رہے، رات کے وقت دُودھ کا استعمال بچّوں اور بڑوں دونوں ہی کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ اس کے نتیجےمیں جسم کیلشیم کی زیادہ مقدار جذب کرتا ہے، نیند بھی اچھی آتی ہے اور یہ پیٹ پُھولنے کے عمل کو بھی روکتا ہے، جب کہ دُودھ اور کھجور کے ایک ساتھ استعمال سے یہ فوائد دُگنے ہوجاتے ہیں۔
نیز، دُودھ اور کھجور کا مستقل استعمال ہمارے پٹّھے مضبوط کرتا ہے۔ واضح رہے،آج کل کے غیرفطری طرزِ زندگی یا ’’نیونارمل روٹین‘‘ کے سبب پٹھّوں کی کم زوری کی شکایت بےحدعام ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے صحت بخش، متوازن خوراک کا استعمال ناگزیر ہے، کیوں کہ یہ سوفی صد سچ ہے کہ ’’آپ وہی ہیں، جو آپ کھاتے ہیں۔‘‘
دُودھ اور کھجور دونوں ہی میں پروٹین کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے، جو ہڈیوں کے ساتھ ساتھ پٹھّوں کو بھی مضبوط بناتی ہے۔ علاوہ ازیں، دُودھ اور کھجور دونوں ہی میں آئرن ہوتا ہے اور ان کے استعمال سے جسم میں خُون کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے۔ لہٰذا، خُون کی کمی کے شکار افراد کو خاص طور پر ان دونوں کا ایک ساتھ استعمال ضرور کرنا چاہیے۔
دُودھ اور کھجور کے ایک ساتھ استعمال سے جسم میں خُون کی روانی بھی بہتر ہوتی ہے۔ کھجور میں فائبر، آئرن اور وٹامنز کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے، جس سےخُون میں ہیموگلوبن کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں، اس میں موجود فائبر میں پائےجانے والے اینٹی آکسیڈینٹس سے ہماری جِلد چمک دار اور صاف و شفّاف ہو جاتی ہے۔
اسی طرح دُودھ اور کھجور کے ایک ساتھ استعمال سے جسم زہریلے مادّوں سے پاک ہوتاہے۔ دوسری جانب دُودھ اور کھجور میں پایا جانے والا مشترکہ عُنصر کیلشیم ہے، جو ہڈیوں کی مضبوطی کا سبب بنتا ہے، جب کہ کھجور میں موجود پوٹاشیم، کاپر، فاسفورس اور میگنیز بھی ہڈیوں کو مضبوط کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں، دُودھ اور کھجور کے ایک ساتھ استعمال سے کم وزن کے شکار بچّوں کے وزن میں اضافہ بھی ممکن ہےاوریہ وزن میں اضافے کا ایک فطری طریقہ ہے، جس کے جسم پر کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہوتے۔