• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار یش کی والدہ کا فلم پروموٹر پر 65 لاکھ روپے کے فراڈ کا الزام

اداکار یش کی اپنی والدہ پشپلتھا کے ساتھ تصویر—بشکریہ بھارتی میڈیا
اداکار یش کی اپنی والدہ پشپلتھا کے ساتھ تصویر—بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے کنڑ اداکار یش کی والدہ پشپلتھا نے فلم پروموٹر ہریش اراسو پر فراڈ کا الزام لگادیا۔

اداکار کی والدہ بنگلورو پولیس کو شکایت درج کرائی ہے کہ میری پہلی پروڈکشن فلم ’کوتھا لوادی‘ کی تشہیر کے دوران مجھ سے 64 لاکھ 87 ہزار 700 روپے کا فراڈ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پشپلتھا نے پولیس کو شکایت میں دعویٰ کیا ہے کہ اس رقم کا غلط استعمال کیا گیا اور جب میں نے مالی لین دین کے بارے میں سوال اٹھائے تو مجھے دھمکیاں دی گئیں اور ڈرایا گیا۔

بنگلورو کے ہائی گراؤنڈز پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی اس شکایت میں پشپلتھا نے ہریش اراسو سمیت کئی دیگر افراد کے خلاف دھوکا دہی اور مجرمانہ سازش کے الزامات پر قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق یش کی والدہ پشپلتھا نے الزام لگایا کہ فلم کی شوٹنگ 24 مئی سے وسط جولائی تک تلاکاڈو، گنڈلوپیٹ، میسورو اور چماراج نگر میں ہوئی، فلم کی تشہیر کے لیے دونوں جانب سے 23 لاکھ روپے فیس طے پائی تھی، لیکن ہریش نے فلم کے نام پر مختلف ذرائع سے مزید 24 لاکھ روپے جمع کیے، جبکہ31 جولائی کو پرنٹ میڈیا کے اشتہارات کے لیے 4 لاکھ روپے نقد بھی لیے، مجموعی طور پر وہ تقریباً 65 لاکھ روپے لے گئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے باوجود فلم کی پروموشن نہ ہونے کے باعث یکم اگست کو ریلیز کے وقت کوئی تشہیری مواد دستیاب نہیں تھا، فلم کی تشہیر نہ ہونے پر مجھے ذاتی طور پر 21 لاکھ 75 ہزار روپے خرچ کرنا پڑے، جبکہ متعدد سوشل میڈیا اور فلمی پروموٹرز کو ادائیگی بھی نہیں کی گئی تھی۔

پشپلتھا نے الزام لگایا کہ جب میں نے ہریش سے حساب کتاب پوچھا تو اس نے مجھے دھمکیاں دیں اور الٹا 27 لاکھ روپے واپس مانگے، ہریش ناصرف منفی پروپیگنڈا کر رہا تھا بلکہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف توہین آمیز مواد پوسٹ کرنے کی دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید