تیلگو فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار مہیش بابو ناصرف اپنی جاندار اداکاری بلکہ فٹنس اور جوان دکھائی دینے کے سبب بھی خوب جانے جاتے ہیں۔
50 سال کی عمر میں بھی اداکار کی فٹنس برقرار رہنے کا راز اِن کی سخت ڈائٹ اور باقاعدہ ورزش ہے۔
5 سے 6 کھانوں پر مشتمل سادہ ڈائیٹ
بھارتی میڈیا کے مطابق مہیش بابو دن میں 5 سے 6 مرتبہ متوازن غذا لیتے ہیں۔
اِن کے روزمرہ کی غذا میں دو سپلیمنٹ شیکس بھی شامل ہوتے ہیں تاکہ جسم کو مسلسل غذائی توانائی ملتی رہے۔
مہیش بابو کا دن ناشتے سے شروع ہوتا ہے جس میں پروسیسڈ دلیہ (اوٹس)، انڈے، میوہ جات اور پھل شامل ہوتے ہیں، جم کے بعد وہ پروٹین یا نیوٹریشن شیک پیتے ہیں۔
دوپہر کے کھانے میں وہ عام طور پر چکن، لیمب یا فِش کے ساتھ براؤن رائس، کینوآ یا خشخاش کو ترجیح دیتے ہیں۔
رات کے کھانے میں اداکار چکی کے آٹے کی روٹی کے ساتھ انڈے یا چکن لیتے ہیں تاکہ پروٹین اور کارب کا توازن برقرار رہے۔
ہفتے میں 5 دن سخت ورزش
بھارتی میڈیا کے مطابق مہیش بابو کے ٹرینر نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ تیلگو اداکار ہفتے میں 5 دن سخت ورزش کرتے ہیں، اِن کا روزانہ ورزش کا ایک سیشن 60 سے 90 منٹ تک طویل ہوتا ہے۔
مہیش بابو کے ٹرینر کا کہنا ہے کہ اداکار فٹنس کو صرف فلمی کرداروں کے لیے نہیں بلکہ اپنی روزمرہ کی زندگی کا مستقل حصہ سمجھتے ہیں، وہ سال بھر باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں۔
مہیش بابو کے فٹنس ٹرینر نے اداکار کی غیر معمولی متحرک زندگی، سادہ خوراک کو اِن کی جواں جِلد اور تازہ دم طبعیت کی اہم وجوہات قرار دیا ہے۔