• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ گیلانی اور سہیل احمد کی جذباتی ملاقات

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستانی ٹیلی ویژن کی سینئر اور معروف اداکارہ عظمیٰ گیلانی اور اداکار سہیل احمد کی جذباتی ملاقات نے مداحوں کے دل چھو لیے۔

عظمیٰ گیلانی ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، کئی دہائیوں سے آسٹریلیا میں مقیم عظمیٰ گیلانی نے اپنے قیام کے دوران پرانے ساتھی فنکاروں اور دوستوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

حال ہی میں اُن کی ریڈیو پاکستان لاہور میں معروف اداکار سہیل احمد سے ملاقات نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی، دونوں فنکار ایک دوسرے کو دیکھ کر جذباتی ہو گئے اور آبدیدہ ہو کر گلے ملے۔

عظمیٰ گیلانی نے اس موقع پر ایک پرانی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک تقریب میں میں مہمانوں کے درمیان بیٹھی تھی کہ سہیل احمد میرے پاس آئے اور میرا ہاتھ تھام کر کہا کہ آپ یہاں نہیں بیٹھیں گی، میرے ساتھ اوپر چلیں۔

سوشل میڈیا پر مداح اس ملاقات کو بےحد پسند کر رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ ’عظمیٰ گیلانی وقار اور خوبصورتی کی علامت ہیں‘، ایک اور نے کہا کہ ’انہیں ہر سال پاکستان آنا چاہیے، اپنے وطن میں انہیں ملنے والا احترام قابلِ دید ہے‘ جبکہ ایک تبصرے میں لکھا گیا کہ ’عظمیٰ گیلانی پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی اصل اسٹار اور شاندار اداکارہ ہیں۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید