بالی ووڈ اداکارہ اور عالمی فیشن آئیکون سونم کپور نے جمعرات کو اپنی دوسرے حمل کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی دلکش تصاویر میں سونم نے خوبصورت انداز میں اظہار کیا، جبکہ کیپشن میں صرف ایک پیارا سا لفظ لکھا: ’’ماں‘‘
سونم نے یہ اعلان کرنے کیلئے برطانوی شہزادی آنجہانی لیڈی ڈیانا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پنک رنگ کے اونی سوٹ کا انتخاب کیا۔ ان کا یہ انداز شہزادی ڈیانا کے مشہور فیشن لمحات کی یاد دلاتا ہے۔
سونم کپور اور آنند آہوجا نے مئی 2018 میں شادی کی تھی، جبکہ اگست 2022 میں ان کے ہاں بیٹے وایو کی پیدائش ہوئی۔ سونم اکثر اپنی زندگی کے اہم لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں اور اپنی چمکتی دمکتی آن اسکرین شخصیت کے ساتھ ماں کی ذمہ داریوں کو خوبصورتی سے نبھاتی نظر آتی ہیں۔
سونم کپور نے سنجے لیلا بھنسالی کی سانوریا سے ڈیبیو کیا تھا اور رانجھنا، نیرجا جیسی کامیاب فلمیں کیں۔
انہیں آخری بار 2023 کی کرائم تھرلر بلائنڈ میں دیکھا گیا، جو 2011 کی کورین فلم کا ری میک تھی۔ یہ فلم ’دی زویا فیکٹر‘ کے بعد ان کی چھ سالہ وقفے کے بعد اسکرین پر واپسی تھی۔