بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و سابقہ مس یونیورس سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے دل کی سرجری سے قبل بے ہوشی کا انجیکشن نہیں لگوایا تھا۔
سشمیتا سین نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے دل کی سرجری کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں دل کی سرجری سے پہلے بہت بے چین تھی اور میں نے ڈاکٹرز سے کہا کہ میں اس آپریشن کے دوران بے ہوش نہیں ہونا چاہتی۔
اداکارہ نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ہوش میں رہ کر سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا تکلیف دہ تھا لیکن بے ہوش ہو کر اس آپریشن کے طریقے کار سے لاعلم رہنا زیادہ خوفناک تھا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں سرجری کے دوران ڈاکٹرز سے بات بھی کرتی رہی اور ڈاکٹرز کو سرجری جلدی مکمل کرنے کو کہا، میں شوٹنگ کے لیے جلدی واپس جانا چاہتی تھی کیونکہ جے پور میں پوری ٹیم میرا انتظار کر رہی تھی۔
واضح رہے کہ سشمیتا سین کو 2023ء میں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی اور دل میں اسٹینٹ ڈالا گیا، دل کی سرجری ہونے کے فوراََ بعد ہی اداکارہ نے اپنا کام دوبارہ شروع کردیا تھا۔