• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: ڈاکٹر شکیل احمد

صفحات: 171، قیمت: 699 روپے

ملنے کا پتا: کنسلٹنٹ کلینک، شمیم اپارٹمنٹ، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا، کراچی۔

فون نمبر: 6346011 - 0213

جنگ، سنڈے میگزین کے قارئین کے لیے ڈاکٹر شکیل احمد کا نام نیا نہیں کہ اِس جریدے میں ذیابطیس سے متعلق اُن کے مضامین شایع ہوتے رہتے ہیں۔ ماہِ رمضان کی آمد آمد ہے اور اِس ماہ کے روزوں سے متعلق ذیابطیس کے مریض مختلف سوالات، تحفّظات اور مفروضات کا شکار رہتے ہیں کہ اُنھیں روزے رکھنے چاہئیں یا نہیں؟ اور اگر روزے رکھیں، تو کون کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں؟ یہ کتاب دراصل اِسی طرح کے سوالات کا جواب ہے۔ 

اِس ضمن میں مصنّف کا کہنا ہے کہ’’ روزہ اور ذیابطیس ایک مشکل موضوع تھا، اِس کتاب کے ذریعے کوشش کی گئی ہے کہ قاری ذیابطیس کے ساتھ محفوظ طریقے سے رمضان المبارک کے روزے رکھ کر اِس ماہ کے فیوض وبرکات سے مستفید ہوسکے۔

اِس ضمن میں ہر مضمون میں مختلف تحقیقات سے متعلق حوالہ جات کا خاص طور پر اہتمام کیا گیا ہے۔‘‘ کتاب تین حصّوں میں تقسیم ہے۔ پہلے حصّے میں روزے اور ذیابطیس سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ 

دوسراحصّہ ذیابطیس کے ساتھ دیگر امراض کا احاطہ کرتا ہے، جب کہ تیسرا حصّہ روزے اور ذیابطیس پر ہونے والی مقامی اور بین الاقوامی تحقیقات پر مشتمل ہے۔ مصنّف نے مختلف چارٹس کے ذریعے بھی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔ عام فہم اندازِ تحریر نے کتاب سے استفادہ مزید آسان کردیا ہے۔