مصنّفہ: نصرت جان
صفحات: 112، قیمت: 1000 روپے
برائے رابطہ: 73 اے، جلیل آباد کالونی، ملتان۔
فون نمبر: 6780423 - 0318
مصنّفہ کا کہنا ہے کہ’’ ہر مُلک و قوم میں کہانیاں بچّوں کی تربیت، اُن میں شعور کی بے داری، اچھی صلاحیتیں راسخ کرنے اور علم کی منتقلی کا ذریعہ ہے۔ بچّوں کو کہانیوں کے ذریعے مذہب، مختلف علوم اور اچھی باتوں کی طرف مائل کیا جاسکتا ہے۔
اب یہ کہانی نویس کی ذمّے داری ہے کہ وہ کہانی کو محض کہانی نہ بنائے بلکہ کہانی سے کردار سازی کا بھی کام لے۔‘‘ اور اِس کتاب میں شامل 34 کہانیاں اِسی کردار سازی کے گرد گھومتی ہیں۔
مصنّفہ افسانہ نگار بھی ہیں، تو کہانی کی بُنت سے پوری طرح آگاہ ہیں، پھر یہ کہ اُنھیں بچّوں کی نفسیات کا ادراک بھی ہے، اِن خصوصیات نے اُن کی بچّوں کے لیے لکھی گئی کہانیوں کو واقعی بچّوں کی کہانیاں بنا دیا ہے کہ آج کل تو بچّوں کے نام پر بہت کچھ ایسا چَھپ رہا ہے، جس کا بچّوں سے کم ہی تعلق ہوتا ہے۔
ڈاکٹر پریاتا بیتا کی اِس بات سے مکمل اتفاق کیا جاسکتا ہے کہ’’ نصرت جان کی انفرادیت یہ ہے کہ اُنھوں نے روایتی کرداروں اور مافوق الفطرت عناصر سے قصداً گریز کر کے حقیقی کرداروں اور واقعات کو موضوع بنایا ہے۔‘‘