مصنّف: ڈاکٹر معین الدّین عقیل
صفحات: 412، قیمت: 3000 روپے
ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز، آفس نمبر 5، کتاب مارکیٹ، اُردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2610434 - 0345
ڈاکٹر معین الدّین عقیل کا شمار پاکستان کی اُن یگانۂ روزگار ادبی شخصیات میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی زندگی ترویجِ علم وادب کے لیے وقف کر رکھی ہے۔’’ ہمہ جہات‘‘ اور’’ ہمہ صفات‘‘ کے لاحقے ایسی ہی شخصیات پر زیب دیتے ہیں۔ ادیب، محقّق، نقّاد، مترجّم، ماہرِ تعلیم، اُن کی ذات کے کئی حوالے ہیں اور اُن کی ادبی جہتوں سے متعلق بہت تفصیل سے لکھا جاسکتا ہے۔
حکومتِ پاکستان نے بھی اُن کی علمی و ادبی اور تحقیقی خدمات کا اعتراف کیا اور اُنہیں 2022ء میں ستارۂ امتیاز سے نوازا۔ جاپان، قطر اور دیگر ممالک کی ادبی تنظیموں نے بھی اُنہیں اعزازات و انعامات سے سرفراز کیا۔ ڈاکٹر معین الدّین عقیل 93 کتابوں کے خالق ہیں، جب کہ اُنہوں نے مختلف موضوعات پر جو مقالات تحریر کیے، اُن کی تعداد بھی سات سو سے زائد ہے۔
مختلف مُلکی و عالمی جامعات نے اپنے ایم اے، ایم فِل اور پی ایچ ڈی کی سطح کے متعدّد تحقیقی مقالات میں ڈاکٹر معین الدّین عقیل کی حیات و خدماتِ علمی و تدریسی کو موضوعِ مطالعہ و تحقیق بنایا۔ یہ سلسلہ ایم فِل اور پی ایچ ڈی کی سطح کے تحقیقی مطالعات کے لیے مُلک اور بیرونِ ممالک کی متعدّد جامعات میں جاری ہوا اور ہنوز جاری ہے۔
ڈاکٹر معین الدّین عقیل کی زیرِ نظر کتاب ایک تاریخی دستاویز کا درجہ رکھتی ہے۔ اِس کتاب کو تین ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مضامین کی تفصیل ملاحظہ فرمائیں۔’’ تشکیلی دَور اور میرا کتب خانہ‘‘،’’ کتب خانے کی نوعیت اور انفرادیت‘‘،’’ پاکستان میں ذاتی کتب خانوں کا مستقبل‘‘،’’میرے کتب خانے کا مستقبل‘‘، میرے کتب خانے کے ایک حصّے، عقیل کلیکشن کی جاپان منتقلی‘‘، ’’عقیل کلیکشن کیوتو کی موضوعاتی فہرست‘‘،’’تشکّرات‘‘، ’’عقیل کلیکشن، ’’ادارۂ معارفِ اسلامی کراچی اور فہرستِ کتب۔‘‘
اُن کے جمع کردہ ذخیرۂ کتب میں کیا کچھ ہے، اس کا کچھ اندازہ اِس فہرست سے بھی لگایا جاسکتا ہے۔ جنوبی ایشیا اور دنیائے اسلام کی تاریخ و تہذیب، زبان و ادب اور سیرت و سوانح ڈاکٹر معین الدّین عقیل کی دل چسپی کے بنیادی موضوعات ہیں۔ اِن موضوعات پر جمع کردہ کتب، مخطوطات اور دستاویزات پر اُنہیں فخر بھی ہے اور ناز بھی۔
بلامبالغہ زیرِ نظر کتاب معلومات کا خزانہ ہے، جو ہر نسل کے قاری کو اپنی طرف متوجّہ کرے گی۔ کتاب کا فلیپ ’’اکادمی ادبیات پاکستان‘‘ کی چیئرپرسن، ڈاکٹر نجیبہ عارف نے تحریر کیا ہے، جس میں اُنہوں نے ڈاکٹر معین الدّین عقیل کی علمی، ادبی اور تحقیقی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر معین الدّین نے کتاب کا انتساب اپنے جدِّ اعلیٰ، سیّد علاءالدّین شہید کے نام کیا ہے، جو سیّد احمد شہید کی جنگِ آزادی کے سرگرم مجاہد تھے۔