• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل گیمز، ارشد ندیم کا گولڈ میڈل، فائقہ اور سمیع تیز ترین ایتھلیٹ

کراچی (عبدالماجد بھٹی) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیت لیا۔ پیر کو نیشنل اسپورٹس ٹریننگ اینڈ کوچنگ سینٹر میں کئی ایونٹس کا فیصلہ ہوا ۔ تمام تر نگاہوں کا مرکز ارشد ندیم رہے۔ انہوں نے 81.81 کی میٹر تھرو کرکے گولڈ میڈل ، یاسرسلطان نے سلور جب کہ آرمی کے ابرار نے برانز میڈل جیتا ۔ واپڈا کے محمد سمیع خان اور واپڈا کی ہی فائقہ ریاض 100 میٹر دوڑ جیت کر پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ بن گئے ۔ گیمز میں پاکستان آرمی کے گولڈ میڈلز کی تعداد 46 ہوگئی، 15 سلور اور 11 برانز میڈل بھی حاصل کیے ہیں۔ واپڈا نے اب تک 14 گولڈ ، 8 سلور اور 11 برانز ، نیوی نے 7 جبکہ پاکستان ائر فورس نے 4 گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔امریکا سے آئی ایتھلیٹ نورین حسین نے ویمن پول والٹ میں2.90 میٹر جمپ کے ساتھ آرمی کیلئے گولڈ میڈل جیتا ۔ سیلنگ ایونٹ میں ایئر فورس کے ایتھلیٹس چھاگئے ، آپٹمیسٹ کلاس اوپن میں محمد سلیمان نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ آپٹمیسٹ گرلز ایونٹ میں ائیر فورس کی تحسین قاضی نے گولڈ میڈل جیتا۔ آئی ایل سی اے کلاس فور میں ائیر فورس کے جوشا نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ مردوں کی 100 میٹر دوڑ میں سخت معرکہ آرائی ہوئی، واپڈا کے سمیع اللہ نے 10.30 سیکنڈز میں فاصلہ طے کیا۔ آرمی کے عثمان اور راشد ریاض نے سلور اور برانز میڈل جیتا۔ خواتین کی 100 میٹر میں واپڈا کی اولمپئن فائقہ ریاض 11.7 سیکنڈز میں دوڑ جیت کر تیز ترین خاتون ایتھلیٹ بن گئیں۔ واپڈا کی ماریہ نے خواتین کی 10 ہزار میٹر،آرمی کے طلحہ سلیم نے اسٹیپل چیز، نیوی کے انصر عباس نے لانگ جمپ، واپڈا کی نورین فاطمہ نے خواتین ہائی جمپ، آرمی کے جمشید علی نے شاٹ پٹ اور محمد اختر نے پانچ ہزار میٹر دوڑ جیت لی ۔ آرمی اور واپڈا مینز اور ویمنز بیڈمنٹن ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئے ۔ مینز ٹیم ایونٹ سیمی فائنل میں آرمی نے پولیس جبکہ واپڈا نے خیبر پختونخوا جبکہ ویمنز ٹیم ایونٹ سیمی فائنل میں واپڈا نے پنجاب اور آرمی نے سندھ کوہرایا۔ آرمی،واپڈا، ایئرفورس اور نیوی نے فٹبال سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کے پی ٹی اسٹیڈیم کراچی میں نیوی اور سندھ کا میچ1-1 سے برابر رہا۔ آرمی نے پاکستان پولیس کو 2-1 ، ائر فورس نے بلوچستان کو 0-1 سے ہرا دیا۔ تلوار بازی سیبر اسٹائل میں پنجاب کے نعیم نے گولڈ میڈل جیت لیا، ہاکی میں پنجاب، پاکستان ائر فورس اور واپڈا نے کامیابی سمیٹ لی۔ تائی کوانڈو میں گروپ فری اسٹائل پومزے ایونٹ میں آرمی نےگولڈ میڈل جیت لیا۔ انفرادی فری اسٹائل پومزے میں بھی فتح آرمی کی زمل رفیع کے نام رہی ۔رگبی مینز گولڈمیڈل آرمی نے جیتا۔ فائنل میں واپڈا کو 19-0 سے شکست ہوئی۔ واپڈانے پنجاب کو ہراکر خواتین گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ شوٹنگ ایونٹ میں آرمی کے گولڈ میڈلز کی تعداد 10ہو گئی ۔ فینسنگ مینز فینسنگ ایونٹ میں ایچ ای سی کے عبدالمصور نے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا۔ ایتھلیٹکس اسٹیپل چیز میں آرمی کے طلحہ سلیم نے گولڈ، محمد بلال نے سلور میڈل حاصل کیا خواتین کے شاٹ پٹ ایونٹ میں آرمی کی نبیلہ نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔